اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت میں بھارت کے جواب الجواب کا جواب جمع کرادیا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ بھارت گزشتہ برس اپنے جاسوس اور کمانڈر کلبھوشن یادیو کا کیس عالمی عدالت انصاف لے کر گیا تھا۔ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت میں بھارت کے جواب الجواب کا جواب بھی جمع کرادیا ہے۔ بھارت اس بات کا جواب نہیں دے سکا کہ کلبھوشن کے پاس حسین مبارک کا پاسپورٹ کیسے آیا۔ اگر یہ پاسپورٹ اصلی ہے تو کلبھوشن 17 مرتبہ پاکستان میں کیسے داخل ہوا۔ پاکستان نے کمانڈر یادیو کے حوالے تمام شواہد اقوام متحدہ اور امریکا کے ساتھ شیئر کئے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی میں گزشتہ ہفتے 23 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت کی کوریج پر پابندی لگائی جارہی ہے اور بھارتی مظالم کو رپورٹ کرنے والے کشمیری صحافی عاقب جاوید کی این آئی اے میں طلبی اور جھوٹے مقدمات میں آسیہ اندرابی کے 30 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی مذمت کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیم کی کشمیر کے بارے میں رپورٹ نے بھارتی پراپیگنڈے کو ناصرف مسترد کردیا بلکہ رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بدترین مظالم کی قلعی کھول دی۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پشاور اور مستونگ میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کرنے کے بعد کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات نے پوری قوم کو غمزدہ کیا تاہم انتخابات سے قبل ایسے دہشت گردانہ حملوں سے پاکستان خوفزدہ ہونے والا نہیں۔