کراچی: عسکری پارک کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کرنے کیخلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ۔
درخواست سماجی رہنما عمران شہزاد نے دائر کی ہے اور درخواست میں عسکری پارک انتظامیہ،سندھ حکومت اور مئیر کراچی سمیت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
عمران شہزاد نے موقف اختیار کیا کہ عسکری پارک میں مرمت اور دیکھ بھال کے بغیر لگائے گئے جھولوں سے شہریوں کی جان کو خطرہ ہے، جدید جھولوں کے اطراف 300 گز کی خالی جگہ ہونا ضروری ہے،اس لیے عسکری پارک کی انتظامیہ سے اونچے اور بڑے جھولوں کے متعلق تفصیلی جواب طلب کیا جائے۔
درخواست کے مطابق انتظامیہ کے پاس جھولوں سے زخمی ہونے والوں کے فوری علاج معالجے کے لئے بھی کوئی سہولیات دستیاب نہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ پارک کو کمرشل بنیادوں پر استعمال نہ کیا جائے اور غیر قانونی لگائے جھولوں کو فوری ختم کیا جائے، سربمہر پارک کو فوری کھولنے کی اجازت نہ دی جائے، پارک میں درخت اور گرین بیلٹ لگا کرعوام کا داخلہ مفت کردیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جھولہ گرنے کے حادثے میں 14 سالہ بچی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔