اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو انتخابی مہم کے دوران ناشائستہ زبان کے استعمال پر نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پرویزخٹک، ایازصادق اورمولانا فضل الرحمان کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر نوٹس میڈیا رپورٹس کی بنیاد پرلیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے تینوں رہنماؤں کو ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے 21 جولائی کو پیش ہونے کر وضاحت دینے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی سیاسی مخالفین کے لئے نازیبا وغیراخلاقی زبان استعمال کرنے پرطلب کیا گیا تھا تاہم عمران خان کی الیکشن کمیشن میں نمائندگی وکیل بابراعوان کی اوران کی جانب سے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔