فوج الیکشن کمیشن کےضابطہ اخلاق کے تحت الیکشن میں معاونت کرےگی،آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے عام انتخابات میں معاونت کرے گی ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر راولپنڈی کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے موقع پر آرمی چیف کو آزادانہ ، منصفانہ اورشفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی معاونت کے پلان پربریفنگ دی گئی۔

اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ عوام کو جمہوری حق کے آزادانہ استعمال کے لئے محفوظ ماحول یقینی بنانے کی تمام کوششیں بروئے کارلائی جائیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے معاونت کرے گی۔