اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان گزشتہ روز جہلم میں پارٹی جلسے کی ناکامی اورناقص انتظامات پر فواد چوہدری سے ناراض ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فواد چوہدری کو مقامی رہنماؤں کے تحفظات دورکرنے کی سختی سے ہدایت بھی جاری کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کے مقامی رہنماؤں کے باہمی اختلافات کی وجہ سے جہلم میں شرکاء کی تعداد کم تھی۔
یاد رہے کہ این اے67 جہلم سے فواد چوہدری تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ہیں۔
جلسے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کی متعدد کرسیاں خالی تھیں جبکہ صرف اسٹیج کے قریب والے مقام پرہی لوگ موجود تھے۔
جلسے کے بعد فواد چوہدری نے کہا تھا کہ جہلم کے لوگ ہم سے مایوس نہیں ، ہزاروں لوگوں کو جلسہ گاہ کے باہرانتظارکرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ جہلم جلسے میں ہمارے امیدواربھی وقت پرنہیں پہنچ سکے تھے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کامیاب جلسے کے انعقاد پرجہلم کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، شدید گرم موسم کے باوجود ہزاروں لوگ اپنے قائد سے ملنے ضمیرجعفری اسٹیڈیم آئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کے باعث لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا رہا اورہزاروں افراد اسٹیڈیم میں داخلے سے محروم رہے۔