الزام خان کے دماغ کی طرح انکا جلسہ بھی خالی ہوتا ہے،شہباز شریف

اٹک : صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہاکہ الزام خان کے جلسے بھی اسی طرح خالی رہتے ہیں جس طرح انکا دماغ خالی ہے۔
انہوں نے کہاکہ الزام خان سب سے بڑا جھوٹا ہے،وہ کہتے ہیں کہ لاہور میں میٹرو 70 ارب روپے میں بنا لیکن یہ سچ نہیں ہے کیوں کہ لاہور میں میٹر و کا منصوبہ70 ارب روپے کا نہیں بلکہ یہ منصوبہ 30ارب کا بنا،شہباز شریف نے کہاکہ الزام خان پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتاکیوں کہ انہوں نے تو خیبر پختونخوا کا بیڑہ غرق کردیاہے۔
پنڈی گیپ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہناتھاکہ نوازشریف کے دور میں ڈالر سو روپے کا تھا جو اب 130روپے ہوگیا ہے ،اس کے علاوہ نوازشریف نے پاکستان کو سی پیک کا تحفہ دیا اور موٹرویز کا جال بچھایا۔
ایک وقت تھا کہ بجلی آتی ہی نہیں تھی اور زراعت تباہ ہو چکی تھی لیکن آج بجلی آچکی اور زراعت بھی عروج پر ہے اس کا سہرا نوازشریف کوجاتا ہے،ہم نے عوام کو مفت طبی سہولیات دیں،سستی بجلی نوازشریف نے کی ،کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے،کیا یہ جرم ہے جو نوازشریف نے ملک کی خدمت کی ؟۔
عوام مجھے بتائیں کہ کیا جو کچھ میں نے اور نوازشریف نے بنایا اس کو بچانا چاہتے ہیں یا تباہ کر نا چاہتے ۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ نوازشریف اڈیالہ جیل میں اپنی بیٹی کے ساتھ قید ہیں ، وہ اپنی شدید بیمار اہلیہ کو لند ن میں چھوڑ کر عوام کے لئے آئے ہیں،مجھے بتاؤ کہ کبھی یہ کم ہی دیکھا ہوگا کہ ایک بیٹی کے سامنے اس کے باپ کو گرفتار کیا جائے اور ایک باپ کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میری موجودگی میں بل کلنٹن نے نوازشریف کوفون کیا اور کہا کہ تم میرے دوست ہو، اگر تم بم دھماکے نہ کرو تو میں تمہیں  5ارب دیتا ہوں،دھمکیاں دیں لیکن نوازشریف نے کہا کہ میں نے اللہ کو اور اپنی عوام کوجواب دینا ہے میں بھارت کے پانچ دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کروں گا جو انہوں نے کرکے دکھائے۔
صدر مسلم لیگ شہباز شریف کا کہناتھاکہ اگر عوام نے 25جولائی کو شیر کو ووٹ دیا تو میں پاکستان کو ترکی اور ملائشیا بنا کر چھوڑوں گا۔