اسحاق ڈارکی گرفتاری کیلئےریڈوارنٹ کے اجرا کی منظوری

 

اسلام آباد:وزارت داخلہ نےسابق وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارکی بیرون ملک سےگرفتاری کیلئےریڈوارنٹ کے اجرا کی منظوری دے دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی درخواست پر وزارت داخلہ نے سینیٹر اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ کے اجرا کی منظوری دے دی ہے۔ وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے سینیٹر اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کو خط لکھ دیا۔ سیکریٹری داخلہ کی منظوری کے بعد ایف آئی اے نے اسحاق ڈار کی گرفتاری کا کیس انٹر پول کو ارسال کیا ہے۔ ایف آئی اے نے انٹرپول کو اسحاق ڈار کی برطانیہ سے گرفتاری میں مدد کی درخواست کی ہے۔

انٹرپول کے سیکریٹری جنرل کے فرانس میں واقع دفتر کو اسحاق ڈار کی گرفتاری کا ریفرنس ارسال کیا گیا ہے۔ انٹرپول کو بھجوائے گئے خط کے ساتھ اسحاق ڈار کو احتساب عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دینے سمیت ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری اور اثاثہ جات ریفرنس کی تفصیلات منسلک ہیں۔