اسلام آباد: مریم نوازکوسہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کئےجانےکافیصلہ کرلیاگیا۔سہالہ ریسٹ ہاؤس میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ میڈیکل ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف کی صاحبزادی اور ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا یافتہ مریم نواز کو اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سہالہ ریسٹ ہاوس میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ ریسٹ ہاؤس کیلئے عملہ اور میڈیکل ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ میڈیکل ٹیم میں لیڈی ڈاکٹرز اور نرسیں شامل ہیں جوچوبیس گھنٹے سب جیل میں موجود رہیں گی،سب جیل میں ایمبولینس بھی موجود رہے گی۔
دوسری جانب سہالہ ریسٹ ہاؤس کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے بھی تعینات کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ چیف کمشنر آفس اسلام آباد نے پولیس سینٹر سہالہ کے ریسٹ ہاؤس کو سب جیل کا درجہ دینے سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری کر رکھا ہے۔