ایڈیشنل ڈائریکٹر این ٹی ایس 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اسلام آباد: احتساب عدالت نے بدعنوانی کیس میں ملوث ایڈیشنل ڈائریکٹر این ٹی ایس طاہر خاکوانی کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے این ٹی ایس بد عنوانی کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر این ٹی ایس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر طاہر خاکوانی کو پیش کیا گیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ طاہر خاکوانی 158 ملین روپے کی بدعنوانی میں ملوث ہیں لہذٰا عدالت مزید تحقیقات کے لئے ایڈیشنل ڈائریکٹر این ٹی ایس کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرے۔
عدالت نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے طاہرخاکوانی کو 11 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ بعدازاں کیس کی سماعت 31 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے 15 کروڑ 80 لاکھ روپے کے کرپشن اسکینڈل میں ملوث این ٹی ایس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر طاہر مقبول خاکوانی کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔
اس حوالے سے نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ این ٹی ایس کی اعلیٰ انتظامیہ میں چند بدعنوان عناصر کرپشن میں ملوث پائے گئے اور انہیں لوگوں کی وجہ سے ادارے کو 15 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ ملزم طاہر مقبول خاکوانی نے این ٹی ایس چیف ایگزیکٹو افسر ہارون رشید کی ملی بھگت سے ریجنل سربراہوں کے ذریعے جعلی کنسلٹینٹس بھرتی کرائے تاکہ بڑی تعداد میں این ٹی ایس کے فنڈز میں بے ضابطگیاں کی جاسکیں۔