اسلام آباد: نگراںوزیر داخلہ اعظم خان نےکہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرات لاحق ہیں جس سے ان کوآگاہ کردیاہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے خصوصی اجلاس میں نیکٹا کے سربراہ ڈاکٹر سلیمان نے بھی اس بات کا انکشاف کیا کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے اورکالعدم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں نگراںوزیر داخلہ اعظم خان نےکہا ہے کہ اسفند یار ولی خان، بلاول بھٹو، اکرم درانی، آفتاب شیرپاؤ، عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کو خطرات ہیں۔
انہوں نےبتایا کہ نظریاتی بنیادوں پر بطور جماعت اے این پی اور پیپلز پارٹی کو خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے سربراہ ڈاکٹر سلیمان نے انکشاف کیا ہےکہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے اورکالعدم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں ۔
نیکٹا کے سربراہ ڈاکٹرسلیمان کا کہنا تھا کہ 65 افراد پر حملوں کی رپورٹ ہے اوران میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے۔ جماعت الاحرار اور داعش سے بھی خطرات ہیں تاہم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں، ٹی ٹی پی کا نیا سربراہ زیادہ خطرناک ہے کیونکہ وہ تمام ناراض گروپوں کو اکٹھا کررہا ہے۔