سانحہ مستونگ کا ماسٹرمائنڈ ساتھیوں سمیت مارا گیا،سیکیورٹی ذرائع

کوئٹہ: قلات میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران سانحہ مستونگ کا ماسٹرمائنڈ اپنے دو ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے قلات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پرآپریشن کیا۔ اس کارروائی میں کالعدم تنظیم داعش کا کمانڈرمفتی ہدایت اللہ اپنے 2 ساتھیوں کے ہمراہ مارا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی ہدایت اللہ داعش بلوچستان کا سربراہ اورسانحہ مستونگ کا ماسٹرمائنڈ تھا، تینوں لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مفتی ہدایت اللہ کے ساتھیوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

اس سے قبل مستونگ خودکش بمبار کی شناخت ہوگئی تھی جس کا نام حافظ نوازاورتعلق ایبٹ آباد سے تھا۔

واضح رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خود کش حملے کے نتیجے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 148 افراد شہید جبکہ 150 افراد زخمی ہوگئے تھے۔