چیلنجز سے نمٹنےکیلئے ایک طاقتور حکومت ہی بڑے فیصلے کرسکتی ہے،عمران خان

بہاولپور :چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان نے کہاکہ لوگ25جولائی کیلئے تیار رہیں انشااللہ بدھ کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے جارہا ہے،عمران خان نے کہاکہ اقتدار میں آکر اسی پاکستان سے آپ کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر دکھاؤں گاکیوں کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے طاقتور حکومت ہی بڑے فیصلے کرسکتی ہے۔
بہاولپور میں پی ٹی آئی کےجلسے سے خطاب کرتے ہوئےچیئرمین عمران خان کا کہناتھاکہ یہ لوگ30سال سے بار بار باریاں لے رہے ہیں،ملک کو مقروض کر کے عوام پر ظلم کیا گیا، قرضہ حکومت پر نہیں عوام پر چڑھتا ہے جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، جب بھی حکومت جاتی ہے خزانہ خالی اور فضل الرحمان چھوڑ کرجاتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلے میں پنجاب کی پولیس کو ٹھیک کروں گا،پنجاب پولیس میں بھی کے پی کی طرح میرٹ لائیں گے،انہیں عزت دینگے،کے پی میں کسی کیخلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی جاتی،اب پنجاب پولیس کو حمزہ یا شہباز شریف جیسا طاقتور شخص کوئی حکم نہیں دے سکے گا۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن کے بعد پیپلزپارٹی سے اتحاد کے بجائے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کو ترجیح دینگے، ن لیگ اورپیپلز پارٹی سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ن لیگ کو ڈر ہے کہ یہ الیکشن ہارنے جا رہے ہیں، ان کو یہ بھی ڈر ہے کہ اس بار ایمپائر ان کے اپنے نہیں ہیں، گزشتہ انتخابات میں انہوں نے اپنے ایمپائر کے ساتھ میچ کھیلا تھا اور ہم نے الیکشن 2013میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کیا تھا۔
25جولائی کو ووٹ نہ دینے والے کو صرف اپنی فکر ہوگی ملک کی نہیں، معاشرے میں ظلم ہوگا تو سب کو اس کے آگے کھڑا ہونا ہوگا، ظلم کامقابلہ کرنیوالا ہی اپنے لئے آسانی پیدا کرتا ہے، نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر سمیت دیگر اداروں کوٹھیک کرینگے، کرپشن پر قابو پانے کیلئے احتساب مجھ سے شروع ہوگا، اس کے بعد ہمارے وزیروں سے ہوکر نیچے تک جائیگا، پاکستان میں کبھی کسی جماعت نے کرپشن کے الزام پر20ایم پی اے کو نہیں نکالا گیا۔