اسلام آباد :الیکشن کمیشن نےبعض سیاسی جماعتوں کی اشتہاری مہم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے 22ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی، جس کے بعد پیمرا نے ان ٹی وی چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان چینلز پر چلنے والے اشتہارات الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق 2018کے منافی ہیں۔پیمرا نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل در آمد کرتے ہوئے سما ٹی وی ، سیون نیوز، ایکسپریس نیوز ، نیوز ون،سچ ٹی وی ، چینل 24، 92نیوز ، آج نیوز ، اے پلس، اے آروائی ڈیجیٹل ،اے آروائی نیوز ، اے ٹی وی خیبر ، پبلک نیوز،رائل نیوز ، ٹی وی ون، اردو ون، وقت نیوز ، نیونیوز اور ہم نیوز کو نوٹس جاری کئے ہیں۔
یہ تمام چینلز تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی الیکشن مہم 2018کے لئے نازیبا الفاظ پر مبنی اشتہاری مہم کی تشہیر کررہے تھے ۔پیمرا نے ان تمام ٹی وی چینلز کو فوری طور پر ان اشتہارات کوبند کرنے اور مناسب ترامیم کے بعد نشر کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد یقینی بنایا جا سکے ۔