اندرون سندھ میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائننس، تحریک انصاف اور دیگر مخالف جماعتوں کے اتحاد اور سیٹ ایڈجسمنٹ کے بعد ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہونے کی دعویدار پیپلزپارٹی نے2018 کے انتخابات میں اپنی توجہ تخت سندھ بچانے پر ہی مرکوزکر لی ہے۔
آصف علی زرداری نے پنجاب میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کیلیے انتخابی میدان کھلا چھوڑ کر صوبے میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن واضح کر دی۔سندھ میں پیپلز پارٹی قیادت کی تمام توجہ ’اندرون سندھ‘کی طرف مرکوز ہوگئی ہے۔ پیپلزپارٹی کی اس حکمت عملی سے تو یہی ظاہر ہورہاہے کہ اندرون سندھ میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائننس، تحریک انصاف اور دیگر مخالف جماعتوں کا بھر پور مقابلہ کرکے زیادہ سے زیادہ قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستیں حاصل کی جائیں تاکہ قومی اسمبلی میں اکثریتی جماعت بننے کے ساتھ ساتھ سندھ میںحکومت دوبارہ بنائی جاسکے۔
خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد سے لاہور تک ریلی کے علاوہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے اندرون پنجاب میں کہیں بھی قابل ذکر جلسہ یا انتخابی ریلی نہیں نکالی۔