راولپنڈی: سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کہتے ہیں کہ انہوں نے ن لیگ سے اس طرح وفاداری نبھائی جیسے سگا بھائی نبھاتا ہے۔
اپنے انتخابی حلقے این اے 59 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثارکا کہنا تھا کہ ہم چودہ پندرہ افراد نوازشریف کو آگے لائے، میرے سوا سب ن لیگ چھوڑگئے ہیں، نوازشریف اپنی غلطیوں سے مشکلات میں پھنسے۔
چوہدری ںثار نے کہا کہ میں نے نواز شریف کو کہا مشکل میں اپنے مخالف کم کرنے چاہئیں، نواز شریف نے خود لکھ کر دیا کہ عدالت میرا کیس سنے، آپ کے خلاف فیصلہ آگیا تو پھر اسے عدالت میں لڑیں عدالت سے نہیں لڑیں۔
انہوں نے کہا کہ میں چپ بھی رہ سکتا تھا لیکن میں نے سچی بات کہی، یہ نوازشریف کا کام تھا کہ خوشامدیوں کی نہ سنتے میری بات سنتے، نوازشریف نے کہا اگرٹکٹ چاہیئے تو درخواست دو، میں نے کہا آپ لاہورکے ہو تو میں پوٹھوہارسے ہوں درخواست نہیں دوں گا۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ عمران خان میرا پرانا دوست ہے ، اس نے کہا چوہدری نثار کہے گا تو ٹکٹ دوں گا ، میں نے کہا میں عوام کے ٹکٹ پرالیکشن لڑوں گا، میں نے سیاست میں صرف دوست کمائے ہیں۔