کراچی: کپاس کی قیمت 8 سال کی بلند ترین سطح 9 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی، چینی درآمد کنندگان کی جانب سے بھارتی کپاس کی خریداری، ڈالر کے مقابلے روپے کی گرتی قدر بھی کپاس کی قیمت میں اضافے کا باعث ہے۔
کپاس کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان جاری ہے، روئی کی قیمت 200 روپے اضافے سے 9 ہزار 200 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے، ڈالر کے مقابلے روپے کی گرتی قدر سے بھی کپاس کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں گذشتہ سیزن کے مقابلے رواں برس کپاس کی پیداوار میں اضافہ تو ہوا مگر موسمیاتی تبدیلوں اور پانی کی قلت کے باعث معیاری کپاس کی قلت ہے یہی وجہ ہے کہ کپاس کی درآمدات بھی جاری ہے۔
کاٹن جنرز فورم کے مطابق چین کی جانب سے امریکی کپاس کی درآمدات پر 25 فیصد ڈیوٹی کے نفاذ سے چین کے درآمدکنندگان نے اب بھارت سے کپاس کی خریداری کی تیاری کرلی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان سیمت دیگر ممالک میں کپاس کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔