اکرم خان درانی پر دوسرا قاتلانہ حملہ، ایم ایم اے رہنمامحفوظ رہے

بنوں: سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم خان درانی کے قافلے کو ایک بار پھر دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم خان درانی کے قافلے کو بنوں کے قریبی علاقے میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ انتخابی مہم کیلئے جا رہے تھے۔ دہشتگردوں کی جانب سے ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی تاہم خوش قسمتی سے وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔
یاد رہے کہ اکرم خان درانی کو انتخابی مہم کے دوران دوسری بار نشانہ بنایا گیا ہے۔ پہلی بار ان پر 13 جولائی کو موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد کے ذریعے بنوں کے نواحی علاقے ہوید میں حملہ کیا گیا تھا۔ اس بم دھماکے میں 4 افراد شہید اور 39 زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ اکرم خان درانی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)کے ٹکٹ پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑ رہے ہیں۔