کراچی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ اڈیالہ جیل میں اب اور بھی لوگ جائیں گے اس لیے وہاں مزید کمرے بنائے جارہے ہیں۔
انہوں نےکہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے چارٹر آف ڈیموکریسی کرپشن کرنے کے لیے کیا تھا۔
کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہناتھاکہ سندھ کے دیگر علاقوں میں زرداری مافیا جبکہ پنجاب میں شریف خاندان کا قبضہ تھا، کوئی بھی بااثر افراد آنے کے لیے تیار نہیں تھایہ منی لانڈرنگ کرتے تھے، ملک کا پیسہ باہر لے کر جاتے تھےانہوں نے پیسہ باہر لے جا کر ملک کو مقروض کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی پولیس عزیربلوچ کو تحفظ دیتی تھی،کیوں کہ شوگر ملوں پر قبضےکرائے جاتے تھے،جبکہ عابد باکسر نے اعتراف کیا کہ شہباز شریف کے کہنے پر ماورائے عدالت قتل کیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ اڈیالہ جیل سے پیغام جارہا ہے کہ بڑی چوری کروگے تو سہولیات ملیں گی، چھوٹی چوری کروگے تو مارے جاؤ گے۔عمران خان نے کہا کہ بلاول ہاؤس کے اطراف گھر زبردستی خالی کرائے گئے، ہمارا مقابلہ سیاست دانوں سے نہیں مافیا سے ہے۔