ڈی آئی خان: خودکش حملے میں شہید ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس کے بعد انھیں سپردخاک کردیا گیا۔
گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں پی ٹی آئی کارکنان سمیت علاقہ مکین اور گنڈاپور برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اکرام اللہ گنڈاپور کی تدفین ان کی رہائش گاہ میں ہی کردی گئی ہے۔
اس موقع پرفوج، ایف سی اورپولیس کے دستے تعینات تھے جبکہ تحصیل بھرمیں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
دوسری جانب اکرام اللہ گنڈا پور کے صاحبزادے آریز خان کی مدعیت میں خودکش حملے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔