سیاسی جماعتوں نے اپنے پولنگ ایجنٹوں کی فہرستیں مکمل کرلیں

لاہور: ملک بھر میں عام انتخابات25جولائی کو ہو نے ہیں ، اس سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنے پولنگ ایجنٹوں کی فہرستیں مکمل کرلی ہیں ۔
20 ہزارسے زائد مرد اورخواتین پولنگ ایجنٹ پولنگ اسٹیشنوں پر ڈیوٹی دیں گے ، لاہور میں مجموعی طورپر 3 ہزار 887 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جہاں 53 لاکھ ، 98 ہزار 624 ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، ووٹرزکی شناخت کے لیے الیکشن میں حصہ لینے تمام قومی اورصوبائی اسمبلی کے امیدواراپنا نمائندہ پولنگ اسٹیشن پرتعینات کریں گے ، پولنگ ایجنٹ لسٹ سے ووٹرکی تصدیق کریں گے جس کے بعد پریذائڈنگ آفیسر ووٹرکو انتخابی پرچی دے گا۔
تحریک انصاف اور(ن) لیگ نے 4 ،4ہزارپولنگ ایجنٹوں کے نام فائنل کیے ہیں جن میں مرد اورخواتین پولنگ ایجنٹ شامل ہیں ، اسی طرح پاکستان پیپلزپارٹی ، متحدہ مجلس عمل ، تحریک لبیک، تحریک اللہ اکبرسمیت آزادامیدواروں نے بھی ان حلقوں کے پولنگ اسٹیشنوں کے لیے اپنے پولنگ ایجنٹوں کے نام فائنل کیے ہیں جوالیکشن کے دن وہاں ڈیوٹی دیں گے۔اس کے علاوہ کئی آزاد امیدوارایسے بھی ہیں جنہیں اپنے حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے لئے مطلوبہ تعداد میں پولنگ ایجنٹ بھی میسر نہیں ہیں ۔
لاہور میں سب سے زیادہ پولنگ اسٹیشن 415 این اے 124 میں بنائے گئے ہیں جبکہ این اے 135 میں سب سے کم 181 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔
دوسری طرف امیدواروں نے اپنے اپنے حلقے میں ووٹرزکی پرچیاں تیارکرنے کی کام شروع کردیا ہے جبکہ بعض حلقوں میں گھرگھرجاکرووٹرزکوان کے ووٹرنمبر،پولنگ اسٹیشن اورپولنگ بوتھ نمبرکی پرچی دی جارہی ہے تاکہ الیکشن کے دن ووٹرکو اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے کئے زیادہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔