کوشش ہےالیکشن کمیشن کیساتھ اپنا کردار نیوٹرل رکھیں، علی ظفر

لاہور: نگراں وفاقی وزیر اطلاعات سید علی ظفر نے کہا ہے کہ ہمارے فرائض میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ اپنا کردار نیوٹرل رکھیں ۔
ہیومن رائٹس سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید علی ظفر نے کہا ہے کہ ہمارے فرائض میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ہے نہ کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو سپورٹ کرنا، ہم نے بھرپور کوشش کی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ اپنا کردار نیوٹرل رکھیں تا کہ کوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے۔ موجودہ الیکشن کمیشن پوری دنیا میں سب سے مضبوط اور طاقتور ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس لئے فوج سے معاونت طلب کی کہ بہت سے ریاست مخالف عناصر ہیں جو پاکستان میں عام انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں۔ ہزاروں پولنگ اسٹیشنز اور ووٹرز کی اتنی بڑی تعداد کو کنٹرول کرنا اور امیدواروں کی سیکورٹی کے معاملات بہت بڑا مسئلہ تھا۔ جس کو افواج پاکستان کی مدد کے بغیر پایہ تکمیل تک پہنچانا مشکل مرحلہ تھا۔ 25جولائی کو ملک میں عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنا کر نگراں حکومت اپنی ذمے داری پوری کرے گی۔ گائیڈ لائن کی حد تک نئی حکومت کے لئے کچھ ایسی چیزیں چھوڑ کر جائیں گے جس پر عمل کرنا حکومت کے اختیار میں ہو۔ آج انتخابی مہم ختم ہو جائے گی جس کے بعد ووٹرکا فیصلہ ہوگا کہ وہ اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کریں۔ نگراں حکومت نے پیمرا کو آئین و قانون کے مطابق آزاد کر دیا۔ میڈیا کو اگر پیمرا سے کوئی بھی شکایت ہے تو وہ عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔