روپے کی بے قدری جاری، ڈالر بلند ترین سطح 131 روپے پر پہنچ گیا

کراچی:اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک روپےکے اضافے کے ساتھ131 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔جسے معاشی ماہرین پاکستانی معیشت کے لیے بڑا جھٹکا قرار دے رہے ہیں۔
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے ،آج کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں پچاس پیسے کا اضافہ ہوا جو ایک روپے تک جا پہنچا اور یوں ڈالر کی قیمت نے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا۔ جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک امریکی ڈالر کی قدر 131 روپے ہوگئی ہے۔
کرنسی ڈیلرزکا کہنا ہے کہ ڈالر کی طلب میں اچانک اضافہ ہونے سے اس کی قدر بھی بڑھ گئی ہے، آثار ایسے نظر آ رہے ہیں کہ اس کی قدر میں اضافہ نہ صرف بر قرار رہے گا بلکہ اس میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں حیران کن اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جب کہ پاکستان کی معاشی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی مسلسل دباؤ کا شکار ہے اور گزشتہ 6 ماہ کے دوران روپے کی قدر میں 20 فی صد تک کمی دکھی گئی ہے۔