بھارتی حکام نے جذبہ خیر سگالی کےتحت غلطی سے سرحد پار کرنے والے 15 سالہ بچے اشفاق علی کوپاکستان کے حوالے کردیا۔ اشفاق علی کی رہائی میں پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی نے اہم کردارادا کیا ۔
تفصیلات کے مطابق 15سالہ اشفاق علی بھمبر آزاد کشمیر کا رہائشی ہے جو 5 مئی 2017 میں اپنے والد کی ڈانٹ ڈپٹ سے ناراض ہوکر گھر سے نکلا اور غلطی سے بارڈر کراس کرگیا تھا، اشفاق علی کو سینٹرل جیل امرتسرمیں رکھا گیا جہاں سے رہائی کے بعد اسے واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔اشفاق علی کی رہائی میں پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی نے اہم کردارادا کیا ہے۔
واضع رہے کہ دونوں ملکوں کے ہائی کمیشن متعدد بار اس بات کا اعادہ کرچکے ہیں کہ پاکستا ن اوربھارت کی جیلوں میں قید خواتین ، 70 سال سے زائدعمر کے بزرگوں ، بچوں اور ذہنی معذور قیدیوں کو رہا کیا جائے گا، اشفاق علی کی رہائی بھی انہیں کوششوں کے نتیجے میں سامنے آئی ہے