پاکستان کی نجی ایئرلائن شاہین ایئر کے ذریعے وطن واپس آنیوالے 300 سے زائد مسافر چین کے کینٹن ایئرپورٹ پر محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہین ایئرکی چین سے لاہورآنے والی پرواز3 روز بعد بھی اڑان نہ بھرسکی جس کی وجہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے شاہین ایئرکی سعودی عرب کے علاوہ دیگرتمام ملکوں کیلئے بین الاقوامی پروازوں پر بورڈنگ برجز، نیوی گیشن ، جہاز کی ٹیک آف لینڈنگ اورپارکنگ سمیت تمام ترخدمات کی بندش ہیں۔
ذرائع کے مطابق چین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کینٹن سے شاہین کی پرواز کے ذریعے وطن واپس آنیوالے مسافر ہوٹلوں اورایئرپورٹ کے لائونج میں رات گزار رہے ہیں ، محصور مسافروں نے آرمی چیف ، چیف جسٹس اوروزیراعظم سے اپیل ہے کہ ان کی وطن واپسی کو ممکن بنایا جائے۔
ترجمان شاہین ایئرکے مطابق 72 گھنٹے گزرنے کے باوجود سول ایوی ایشن نے شاہین ایئرکی چین سے لاہور پرواز کواڑنے کی اجازت نہیں دی، پاکستانی مسافر تاحال چین کے ہوٹل میں محصورہیں اوران کے ویزا کی میعاد ختم ہورہی ہے جن سے انھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سول ایوی ایشن اس مسئلے پر کسی قسم موقف اختیار کرنے سے قاصر ہے ، ہفتے کو سندھ ہائیکورٹ نے سول ایوی ایشن کو شاہین ایئرکی بیرون ملک پروازوں کو روکنے اور عدالت کے احکام پرعمل نہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا۔