پشاور میں افغان مہاجرین کے داخلے پر پابندی

پشاور: عام انتخابات 2018 میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاک فوج کے جوانوں نے ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنوں میں سیکورٹی سنبھال لی ہے۔ انتخابات کے پیش نظر پشاور میں دفعہ 144 کے تحت افغان مہاجرین کے داخلے پر بھی پاپندی عائد کردی گئی ہے۔ پشاور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق 28 جولائی تک یہ پابندی عائد رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر پشاور عمران حامد شیخ نے انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پشاور میں ایک ہزار 217 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ ان میں سے 275 کو حساس ترین پولنگ اسٹیشنز قرار دیا گیا ہے۔ ان پولنگ اسٹیشنوں میں 275 سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگا دیئے گئے ہیں۔ کل ہونے والے انتخابات کے دن خواتین پولنگ اسٹیشن میں مردوں کے داخلے پر پاپندی ہوگی جبکہ پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون کے استعمال پر بھی پاپندی ہے۔
ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج کے جوان تعینات ہوں گے جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے اور 1053 ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں پندرہ سب کمانڈ پوسٹ قائم کی گئی ہیں۔ پولیس، فائربریگیڈ، ایمبولینس سمیت دیگر اسٹاف کمانڈ پوسٹ میں موجود رہے گا۔