لاہور:لاہور سے ملنے والے شناختی کارڈ ز پر ترجمان نادرا کی وضاحت سامنے آگئی ہے۔
ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نالے سے ملنے والے تمام شناختی کارڈز زائدالمیعاد ہونے کی وجہ سے منسوخ ہوچکے ہیں اوران کی جگہ تمام نئے کارڈزجاری کردیئے گئے ہیں۔
ترجمان نادرا کے مطابق نالے سے ملنے والے تمام کارڈ ز2018کے عام انتخابات میں نا قابل استعمال ہیں۔
خیال رہے کہ لاہورمیں قومی این اے 125 کے علاقے شفیق آباد کی یونین کونسل 50 میںبچوں نے گندے نالے سے سیکڑوں قومی شناختی کارڈ برآمد کیے گئے ہیں جو تین تھیلوں میں بند کرکے نالے میں ڈالے گئے تھے۔
تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ یہ شناختی کارڈ کس کے ہیں اوراتنی بڑی تعداد میں کس نے جمع کیے تھےاور نالے میں کیوں پھینکے گئے ہیں؟۔
پولیس کا کہنا ہےکہ شناختی کارڈ بند روڈ نالے سے برآمد ہوئے ہیں جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے اوراس حوالے سے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب این اے 125 سے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دیکھنا ہوگا کہ کیا شناختی کارڈ متعلقہ علاقے کے رہائشیوں کے ہیں اوراس میں دھاندلی کی کوشش تو نہیں کی گئی۔