بلوچستان کے علاقے مند میں قائم پولنگ اسٹیشن کے قریب سیکیورٹی فورسز کے قافلے پردہشت گردوں کے راکٹ حملہ میں کم سے کم 3 سیکیورٹی اہکاروں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں ایک عام شہری بھی شامل ہے جبکہ 13 افراد زخمی ہیں۔
اطلاعات کےمطابق ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا ہے۔
دہشت گردی کے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے 22 جولائی کو ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں بلوچستان عوامی پارٹی کے الیکشن آفس پر بم حملے میں کم از کم 30 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے پہلے 13 جولائی کو بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کے انتخابی جلسے میں خودکش حملے سے سراج رئیسانی سمیت 149 افراد جاں بحق اور200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔