اسلام آباد: ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی،پولنگ کے سامان کی ترسیل مکمل ہوگئی ،
ملک بھر سے عام انتخابات میں 10 کروڑ 59 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گےجس کیلئے85 ہزار 252 پولنگ سٹیشنز جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔جب کہ الیکشن کے روز ملک میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔
ملک بھر میں پولنگ صبح 8 سے شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہےگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کیلئے مجموعی طور پر 21 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں،قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر استعمال ہو گا بیلٹ پیپرز میں پہلی بار سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل مکمل ہوگئی اور بیلٹ پیپرز سمیت دیگر سامان فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچا دیا گیا ہےاور فوجی جوان رات بھر پولنگ اسٹیشن پر موجود رہیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر سے حق رائے دہی استعمال کرنے والے10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد ہیں جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 263 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 146ہے۔
پنجاب میں 6 کروڑ 6 لاکھ 72 ہزار 870 اور سندھ کے 2 کروڑ 23 لاکھ 97 ہزار 244 افراد ووٹ ڈال سکیں گے جب کہ خیبرپختونخوا میں ایک کروڑ 53 لاکھ 16 ہزار 299 اور بلوچستان میں 42 لاکھ 99 ہزار 494 ووٹرز اپنا حق استعمال کریں گے۔
اس کے علاوہ فاٹا کے 25 لاکھ 10 ہزار 154 اور اسلام آباد کے 7 لاکھ 65 ہزار 348 شہری ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کےمطابق الیکشن کمیشن میں کل 120 جماعتیں فہرست میں ہیں جن میں سے 95 جماعتیں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں،95 میں سے 88 جماعتوں نے خواتین کے لیے پانچ فیصد نشستوں کی شرط پوری کی ہے۔
سیکریٹری الیکشن نے مزید بتایا کہ عام انتخابات کیلئے قائم کیےگئے پولنگ اسٹیشن میں سے 17 ہزار کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں۔
عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے 272 میں سے 270 حلقوں جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے 577 میں سے 570 حلقوں میں الیکشن ہو رہا ہے ۔
ملک بھر میں انتخابات کے لیے 18 لاکھ 19 ہزار سے زائد انتخابی عملہ خدمات سر انجام دے گا جن میں 85 ہزار 307 پریزائیڈنگ افسران، 5 لاکھ 10 ہزار 356 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور 2 لاکھ 55 ہزار 178 پولنگ افسران شامل ہیں،اس کے علاوہ 131 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور 840 سے زائد ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا بتانا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد میں 48 ہزار 610 پریزائیڈنگ افسران اور 2 لاکھ 81 ہزار 62 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران جب کہ ایک لاکھ 40 ہزار 534 پولنگ افسر تعینات ہوں گے۔
خیبرپختونخوا اور فاٹا میں 14 ہزار 530 پریزائیڈنگ افسر، 83 ہزار 692 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر اور 41 ہزار 846 پولنگ افسر خدمات انجام دیں گے۔
سندھ میں 17 ہزار 747 پریذائیڈنگ افسر، ایک لاکھ 22 ہزار 204 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر اور 61 ہزار 102 پولنگ افسر ڈیوٹی دیں گے۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 4 ہزار 420 پریزائیڈنگ افسر، 23 ہزار 398 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر اور 11 ہزار 699 پولنگ افسر تعینات ہوں گے۔