کوئٹہ میں پولنگ اسٹیشن کے باہرخودکش حملہ، 31افراد شہید

کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب پولنگ اسٹیشن کے باہرخودکش دھماکا حملے میں 31 افراد جاں بحق اور30 سے زائد زخمی ہوگئے۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق دھماکے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے اپنی نیوزایجنسی اعماق پرجاری کئے گئے ایک بیان میں قبول کرلی ہے۔

دھماکا کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب پولنگ اسٹیشن کے اطراف کھڑی پولیس موبائل کے قریب ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکا خودکش تھا۔ حملہ آورپولنگ اسٹیشن میں گھسنا چاہتا تھا جسے پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو پولنگ اسٹیشن کے باہرہی اڑا دیا۔

دھماکے میں جاں بحق افراد میں 3 پولیس اہلکار اور2 بچے بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔

اسپتال حکام کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کرشواہد جمع کرنا شروع کئے جبکہ متعلقہ پولنگ اسٹیشن میں پولنگ روک دی گئی تھی۔