چیف جسٹس ثاقب نثار کی ملک کیلئے اچھی قیادت آنے کی دعا

لاہور:چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اچھی قیادت ملک کی تقدیر بدل دیتی ہے، دعا ہے کہ ملک کو اچھی قیادت میسر آئے۔

لاہور میں صحافیوں سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چھٹی کے باوجود کام کرنے پر سپریم کورٹ کے اسٹاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اچھی قیادت ملک کی تقدیر بدل دیتی ہے، دعا ہے اس مادروطن کو اچھی قیادت مسیر آئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے فنڈز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی 55 لاکھ کے چیک ملے ہیں مگر وہ لوگ اپنے نام کی تشہر نہیں چاہتے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے لاہور میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے-130 کے علاقے برکت مارکیٹ میں واقع پولنگ اسٹیشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ میں نے 25 جولائی کو الیکش کروانے کا وعدہ پورا کردیا، اب یہ قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحیح رہنما کو منتخب کرے۔

اس کے علاوہ انہوں نے انتخابی عمل پر بھی اطمینان کا اظہار کیا تھا۔