لاہور:مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما اورترجمان مریم اورنگز یب نے کہا ہے کہ ہمیں نتائج نہیں دیئے جارہے جس پر شدید تحفظات ہیں۔
پولنگ ایجنٹ کا آئینی قانونی حق ہوتا ہے کہ جب رزلٹ بن رہے ہوں وہ پولنگ اسٹیشن کے اندر بیٹھے لیکن ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے نکال دیا ہے اور فارم 45بھی نہیں دیا جارہا ، انتخابی رزلٹ بند کمروں میں تیار کیا جارہا ہے۔ ہم یہ قبول نہیں کریں گے اور الیکشن کمیشن کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگز یب نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن پر شدید خدشات ہیں جن کے مطابق ایاز صادق ، رانا ثنااللہ اور پرویز ملک ، دانیال چوہدری اور دانیال چوہدری کے حلقوں، کچھ اور دیگر پولنگ اسٹیشنز سے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیاگیا ہے اور بند کمروں میں رزلٹ تیار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فارم 45نہیں دیا جارہا اور رزلٹ روک لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا جو بھی اس وقت ہو رہا ہے اس کا جواب ان سب لوگوں کودینا ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ اگر دھاندلی نہیں ہورہی تو پھر ہمارے پولنگ ایجنٹس کو کمروں کے اندر جانے کیوں نہیں دیا جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں جو نتائج تیار کئے جارہے ہیں ہم ان کو قبول نہیں کریں گے اور اس بات کا جواب الیکشن کمیشن کو دینا پڑے گا ۔
اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف میڈیا کا ایک مخصوص حصہ من گھڑت خبریں چلارہا ہے اورانتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف منفی پروپیگنڈا افسوسناک ہے، الیکشن کمیشن کو پارٹی قائد کے خلاف منفی مہم کا نوٹس لینا چائیے،ڈیل سمیت تمام منفی خبروں کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس نے بیماری کی حالت میں اسپتال جانے سےانکارکیا، اس پرڈیل کا الزام لگانا شرمناک ہے۔