اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اللہ نے مجھے اپنے خواب کو پورا کرنے کا موقع دیا ہے اور میں دنیا کو فلاحی ریاست بنانا چاہتاہوں۔
سیاسی مخالفین کیخلاف کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت کروں گا۔
بنی گالہ میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 22 سال کی جدوجہد کے بعد اللہ نے مجھے موقع دیا ہے کہ میں اپنے خواب کو پورا کر سکوں۔
عمران خان نے کہاکہ پاکستان میں تاریخی الیکشن ہوا،نئے پاکستان کا خواب پورا کرنے کا موقع ملاہے،بلوچستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،ضعیف لوگ گرمی میں ووٹ ڈالنے نکلے ،اکرام گنڈاپور اورہارون بلورشہیدہوئے۔
انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، ایسا پاکستان چاہتاہوں جہاں کمزورطبقے کو سہولتیں ملیں۔
عمران خان نے کہاکہ وعدہ کرتاہوں عوام کےٹیکس کےپیسےکی حفاظت کروں گا، ہمارےحکمرانوں نےملک کاپیسہ اپنےاوپرخرچ کیا۔
پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے،کرپشن نے پاکستان کے ادارے تباہ کردیئے،انہوں نے کہاکہ ہمارااصل اثاثہ اوورسیزپاکستانی ہیں لیکن پاکستان میں اداروں کی خراب کارکردگی کی وجہ سےمعیشت تباہ ہوئی،تاریخ میں پاکستان نےکبھی اتنےقرضےنہیں لیے،پاکستان کو معاشی چیلنج درپیش ہیں ۔
کمزور طبقے کو اوپر لے کر آنا چاہتاہوں،پوری کوشش ہوگی کے نچلے طبقے کو اوپر لے آئیں اس لیے پالیسیاں بنائیں گے۔
ہمارےحکمرانوں نےملک کاپیسہ اپنےاوپرخرچ کیا، تاجر برادری کے ساتھ مل کرپالیسیاں بنائیں گے ، پاکستان میں ٹیکس کا نظام بہترکریں گے ، آج تک حکمران عوام کےپیسوں پرعیاشیاں کرتےرہے،ہم نیب اورایف بی آرکوٹھیک کریں گے۔
عمران خان نے کہاکہ جا کر وزیراعظم ہاؤس میں رہنے کو ترجیح نہیں دوں گا، وزیراعظم ہاؤس کی بجائے منسٹر انکلیو میں رہیں گے،میں اور میری کابینہ اس پر سوچے گی کہ وزیراعظم ہاؤس کا ہمیں کرنا کیا ہے؟ اسے ایجوکیشن سسٹم کے لئے دینا ہے یا کہیں او ر استعمال کر نا ہے اس کا فیصلہ ہماری حکومت کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جس ملک کی آدھی سے زیادہ آباد ی غریب ہو اس ملک کے وزیراعظم کے یہ شایان شان نہیں کہ وہ جا کر محلات میں رہے اور عوام کے ٹیکس پر عیاشی کرے ۔
عمران خان نے کہا ہے کہ ہم سادگی اپنائیں گے اور تمام گورنر ہاؤسز عوام کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ نئے پاکستان کو مدینے جیسی فلاحی اسلامی ریاست بناؤں گا، کسی سیاست دان پر اتنی ذاتی تنقید نہیں ہوئی جتنی مجھ پر ہوئی لیکن اس اہم موقع پر چاہتا ہوں کہ سارا پاکستان متحد ہو، اپنے تمام مخالفین کو معاف کرتا ہوں، ہماری حکومت میں کسی مخالف کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، قانون کی بالادستی قائم کی جائے گی، ہمارا کوئی آدمی غلط کرے گا تو اسے پکڑیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں دھاندلی کا الزام لگارہی ہیں، موجودہ الیکشن کمیشن ن لیگ اور پی پی پی نے بنایا ہے پی ٹی آئی نے نہیں، انہیں جس حلقے میں دھاندلی کا شبہ ہے، ہم پوری مدد کریں گے اور وہ سارے حلقے کھلوائیں گے اور تحقیقات کرائیں گے، اپوزیشن کے خدشات کو دور کریں گے، قوم دعا کرے کہ اللہ مجھے اپنے وعدے پورے کرنے کی توفیق عطا کرے۔