راولپنڈی : مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اورسابق وزیراعظم نواز شریف نے الیکشن نتائج چوری ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن چوری کر لیے گئے ہیں اور اس حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ پارٹی کرے گی یہ بات انہوں نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے آنے والے پارٹی رہنماؤں سےکہی ۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان تو 2013 کی پوزیشن پر بھی نہیں تھے لیکن خیبر پختونخوا میں بد ترین کارکردگی کے باوجود جتا دیا گیا،ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے نتائج کی بنیاد پر ہی ملک بھر کے نتائج پر اثر ڈالا گیا۔
عابد شیر علی، شاہد خاقان عباسی اور فیصل آباد کے حلقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کچھ حلقوں سے تو ن لیگ کسی صورت ہار ہی نہیں سکتی تھی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ووٹ کو عزت دینے کے بیانیے پر قائم ہیں اور سول بالادستی کے لیے کھڑے رہیں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے جیل میں حنیف عباسی نے بھی ملاقات کی۔