اسلام آباد:سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ ملک بھر سے دھاندلی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی،تعاون کرنے پر سینٹ کمیٹی ، میڈیا ، عدلیہ اور فوج کے شکر گزار ہیں۔
میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بابر یعقوب نے کہا ہے کہ الیکشن کے 90فیصد نتائج آگئے ہیں اور دنیا میں کہیں بھی اتنی جلدی نتائج نہیں آتے ۔
انہوں نے کہا کہ موسم اورسیکیورٹی خدشا ت سے کے پی کے میں نتائج وصول ہونے میں کچھ وقت لگ رہا لیکن چند گھنٹوں میں تمام نتائج وصول ہو جائیں گے۔
پولنگ والے دن کسی سے بھی دھاندلی کی شکایت نہیں ملی ۔ الیکشن میں خواتین کی اوسط تعداد بہت مثبت رہی ہے ۔ اب تک 82فیصد نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ میں تمام پارٹیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے شکایات ہم تک پہنچائیں اور ہمارا موقف سنا، دھاندلی سے متعلق ایک ویڈیو دکھائی جارہی ہے جو پرانی ہے اس ویڈیو میں کوئی صداقت نہیں ہے کیوں کہ اب جو بیلٹ پیپر ہیں وہ بلکل مختلف ہیں جبکہ جو ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے وہاں بیلٹ پیپر کا رنگ مختلف ہے۔