کراچی: کراچی پورٹ ٹرسٹ پر کارگو جہاز میں آج صبح لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے تاہم جہاز میں موجود متعدد گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کیماڑی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ پر کھڑے کارگو جہاز میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ جس نے شدت اختیار کرلی تھی اور قریبی کمپارٹمنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ آگ لگنے کے فوری بعد کراچی پورٹ کے فائر ٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے پاک بحریہ کی مدد طلب کی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ پر گارگو جہاز میں لگنے والی آگ کو بجھانے میں معاونت کر رہے ہیں۔
اس ضمن میں کے پی ٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔
کے پی ٹی ترجمان کے مطابق آل ہارون نامی کشتی دبئی سے کراچی پہنچی تھی اور اس میں متعدد گاڑیاں موجود تھیں، جو آگ لگنے سے متاثر ہوئی۔ آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن کشتی کے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔