لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاہور میں 22 مقامات پر لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی اراضی کی نیلامی کا حکم دے دیا۔ نیلامی کرکے رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں فل بنچ نے ایل ڈی اے اراضی پر قبضے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
چیف جسٹس پاکستان نے ہدایت کی کہ اراضی پر کاروبار کرنے والے لوگ اگر شرائط پر پورا اتریں تو ان کو نیلامی کے عمل میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا کہ شرائط و ضوابط منظور ہونے کے بعد 15 روز کے اندر نیلامی کی جائے۔
چیف جسٹس پاکستان نے ایل ڈی اے سے نیلامی کی شرائط و ضوابط بھی پیش کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ نیلامی کرکے رپورٹ سپریم کورٹ کو پیش کی جائے ۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہدایت کی کہ مناسب ریٹ پر نیلامی کی جائے، بندر بانٹ نہیں ہونے دیں گے۔