اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اورپنجاب اسمبلی میں اکثریت تحریک انصاف کے ساتھ ہے،پنجاب میں پی ٹی آئی کی ہی حکومت ہوگی اورن لیگ کواپوزیشن میں بیٹھنا پڑے گا جبکہ پیپلزپارٹی سے الحاق کاکوئی امکان نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ جہاں پردھاندلی کے الزامات ہیں وہ حلقہ کھولنے کے لئے تیارہیں اور ان کی تحقیقات کرانے کے لئے تیار ہیں جبکہ حکومت بنانے کے لئے بہت سی جماعتوں سے الحاق کے آپشن موجودہیں، پنجاب کے آزاد اراکین سے رابطے جاری ہیں۔
پیپلزپارٹی سے الحاق کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے نعیم الحق نے بتایا کہ پی پی پی سے حمایت کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی پیپلز پارٹی سے کسی قسم کا سمجھوتہ ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان انتخابات کے نتائج میں عوام کی رائے کھل کر سامنے آگئی ہے، امید ہے اے پی سی دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ نہیں کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہمارے امیدواروں نے بڑے بڑوں کو شکست دی جبکہ ہم کراچی کی 21 میں سے 13 قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہوکر سندھ میں دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئے ہیں۔
نعیم الحق نے مزید بتایا کہ ایک دو دن میں باقاعدہ حکومت بنانے کا اعلان کر دیں گے۔
واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ملک کے نئے وزیراعظم ہوسکتے ہیں۔