اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پرویزخٹک کو دوبارہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
عام انتخابات میں تحریک انصاف نے وفاق اورخیبرپختونخوا میں اکثریت حاصل کی ہے جبکہ پنجاب میں بھی نمبر گیم کے ساتھ حکومت بناسکتی ہے۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں اکیلے ہی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ کے لئے کسی نئے نام کے بجائے سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک کا نام زیرغورآیا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف نے پرویز خٹک کو ہی دوبارہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کی اکثریت بھی پرویز خٹک کو دوبارہ وزیراعلیٰ بنانے کی حامی ہے۔
خیال رہے کہ پرویزخٹک قومی اسمبلی کی نشست این اے 25 نوشہرہ اورخیبرپختونخوا اسمبلی کی 2 نشستوں پی کے61 اورپی کے 64 سے الیکشن جیت چکے ہیں۔