کراچی :عام انتخابات 2018 میں تحریک انصاف وفاقی حکومت بنانے کیلئے سب زیادہ سیٹیں لینے میں کامیاب ہوگئی ہے، تاہم وفاق میں تین بار حکومت کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی تیسرے نمبر کی جماعت رہی جبکہ عام انتخابات 2013 کے مقابلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کارکردگی کچھ اچھی رہی گزشتہ انتخابات کی 29 جنرل نشستوں کے مقابلے میں 43 نشستیں جیت لیں۔
عام انتخابات 2018 میں پیپلزپارٹی نے جہاں مجموعی طور پر اپنے آپ کو بہتر کیا ہے وہیں اس کے گڑھ لیاری میں گڑھا پڑ گیا ہے اور چیل چوک سے اس بار پی پی کا ووٹ چیل لے اڑی جو گیند بن کر بلے پر آگیااور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو لیاری کی نشست سے کامیاب ہونے میں ناکام ہوگئے۔
خیال رہے کہ لیاری سے 1997 کے بعد پی پی چیئرمین کی شکست کو پیپلز پارٹی تو دھاندلی قرار دے رہی ہے لیکن عوامی حلقوں میں اسے عوام کا بدلہ قرار دیا جارہا ہے،لیاری والوں نے جہاں پیپلزپارٹی کو قومی اسمبلی کی نشست پر لال جھنڈی دکھائی وہیں دونوں صوبائی نشستوں پی ایس 107 اور 108 پر بھی پی پی منی تکتی رہ گئی۔