اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف نے وفاق میں حکومت سازی اور پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے آزاد امیدواروں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے تیز کردیے ہیں تاہم وفاق میں حکومت سازی کیلئے جہانگیرترین نے ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے رابطہ کرنے پر خالد مقبول صدیقی نے شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنمائوں نے جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
جہانگیر ترین نے کہاکہ تحریک انصاف وسیع ترملکی مفاد میں سب کو ساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے، عمران خان نے واضح کیا ان کے نزدیک صرف ملکی مفاد اہم ہے۔
دوسری جانب خالد مقبول صدیقی نے تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں میں اتفاق ہے کہ مل بیٹھ کربات کی جاسکتی ہے، انہوں نے کہاکہ بات چیت کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، تاہم تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی۔