لاہور/ اسلام آباد: پنجاب اسمبلی کے 18 آزاد ارکان نے تحریک انصاف میں شمولیت پر رضامندی ظاہرکردی ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اورعبدالعلیم خان نے آزاد ارکان سے ملاقاتوں کی رپورٹ عمران خان کو پیش کردی ہے اورپنجاب اسمبلی کے 18 آزاد ارکان کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر رضامندی کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عبدالعلیم خان وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے تحریک انصاف کے متوقع امیدوارہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹربابراعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو پنجاب میں بھی اکثریت حاصل ہوگئی ہے اوراب وہ پنجاب میں بھی حکومت بنائیں گے۔
بنی گالہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعوان نے کہا کہ ایوان صدر کے بھاری اخراجات بھی کم کریں گے، قومی اسمبلی میں جو بھی منتخب ہوکرآئے ہیں ان میں سے کوئی بھی چھوڑکرنہیں جائے گا۔
بابراعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کا اولین ایجنڈا طے کرلیا گیا ہے ، نئی قانون سازی کے ذریعے احتساب کے ادارے کو مزید مضبوط اورموثر بنایا جائے گا، حکومتی ایوانوں میں سادگی کیلئے بھی قانون بنے گا، وزیراعظم ہاؤس ختم کردیا گیا ہے، اب وزیراعظم منسٹرکالونی میں رہیں گے،غیرترقیاتی اخراجات میں بھی کٹوتی ہوگی ۔
بابراعوان نے کہا کہ عمران خان کے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد ان کی ہدایت پر سرمایہ کاروں سے رابطے کئے جائیں گے، ملک میں کاروبارکو تحفظ دیں گے اورتجارتی و کاروباری تحفظ کا قانون بنے گا جس کے بعد پاکستان سے باہر سرمایہ اورپیسہ منتقل نہیں ہوگا، اپنے ملک میں مواقع دستیاب ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ انرجی کے حوالے سے پالیسی بنائی جائے گی ۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مرکز اورخیبرپختونخوا میں باآسانی حکومت بنائے گی جبکہ بلوچستان میں مخلوط حکومت بنے گی۔