اسلام آباد: عمران خان سےپاکستان میں متعین سعودی سفیر نے ملاقات کرکےسعودی فرمانروا کی جانب سے انہیں مبارکباد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔
اطلاعات کے مطابق سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے عمران خان سے ملاقات بنی گالہ میںکی اور انتخاب جیتنے پر سعودی فرمانروا کی جانب سے مبارکباد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔
اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھااور سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات و جذبات کا اظہار کیا گیا اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہم محبت، دوستی اور بھائی چارے کے بندھن میں جڑے ہیں، سعودی حکومت ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی،
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام میں جذباتی قربت اور وابستگی ہے اور آئندہ حکومت کے ساتھ بھرپور اور متحرک سفارتی تعلقات کے خواہش مند ہیں۔
سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد کے اس دورے سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان اور سعودی تعلقات کو ایک نئی جہت سے ہمکنار کرے گی کیوں کہ سعودی عرب کو ہماری خارجہ پالیسی میں خاص مقام حاصل ہے،ملاقات کے اختتام پر چیئرمین تحریک انصاف نے سعودی سفیر کو محبت اور گرم جوشی سے رخصت کیا۔