آل پارٹیز کانفرنس میں شریک جماعتوں کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی الیکشن نتائج کو مسترد کردیا ہے جبکہ بلاول بھٹو نے مراد علی شاہ کو دوبارہ سندھ کا وزیراعلیٰ بنانے کا اعلان کیا ہے اورانھیں پارٹی کی طرف سے سندھ کے وزیراعلیٰ کیلئے نامزد کردیا گیا ہے۔
کراچی میں پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ فری اینڈ فیئرالیکشن نہیں تھے، ہم جمہوری لوگ ہیں اوراس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اس لیے الیکشن کو مشکوک کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ناکام ہوگیا اس لئے چیف الیکشن کمشنر فوری طورپرمستعفی ہوجائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دیگر جماعتوں کو بھی انتخابی نتائج پر سنجیدہ تحفظات ہیں، ہم ان سے بات کریں گے۔
بلاول بھٹو نے سیاسی جماعتوں کو تجویز دی کہ اس وقت پارلیمانی فورم کو نہ چھوڑیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان میں جا کر بھی اس معاملے کو آگے لے کر جاوں گا، پارلیمنٹ میں ڈٹ کراپوزیشن کریں گے اورمیں بتاؤں گا کہ اپوزیشن کیا ہوتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کا عمل شروع کریں گے، دوسری سیاسی جماعتوں کے اعتراضات کو بھی دیکھنا چاہیئے۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہی ہوں گے۔
خیال رہے کہ ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت کل جماعتی کانفرنس میں الیکشن نتائج کو مسترد کرتے ہوئے ملک میں ازسرنو شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔