کراچی: سابق صدرآصف زرداری اوران کی ہمشیرہ فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے جبکہ فریال تالپور نے عبوری ضمانت کی توثیق کے لئے خصوصی بینکنگ عدالت میں 20 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرادیئے ہیں۔
ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں۔ اس سلسلے میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو طلب کیا گیا تھا۔ تاہم وہ پیش نہیں ہوئے جبکہ فریال تالپور کی جانب پیشی کے لئے 15 روز کی مہلت مانگ لی گئی ہے۔
سابق رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کی جانب سے ایڈووکیٹ مزمل قریشی ایف آئی اے میں پیش ہوئے اورنئی تاریخ کی درخواست پیش کی۔
درخواست میں کہا گیا کہ فریال تالپور بینکنگ کورٹ میں مصروف ہیں لہٰذا ایف آئی اے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لئے کوئی اور تاریخ دی جائے۔
دوسری جانب فریال تالپورکراچی میں خصوصی بینکنگ عدالت میں پیش ہوئیں اوراپنی عبوری ضمانت کی توثیق کے لئے 20 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرادیئے۔ انہوں نے 6 اگست تک قبل از گرفتاری عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے۔
فریال تالپور نے 6 روز پہلے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لی تھی جس کی مدت آج ختم ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو 11 جولائی کو بھی طلب کیا تھا تاہم وہ اس وقت بھی پیش نہیں ہوئے تھے۔