لاہور: پنجاب اسمبلی کے 4 آزاد اراکین نے تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی نشستوں کی تعداد بڑھ کر127 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی اسمبلی اورپنجاب اسمبلی کے 13 آزاد اراکین پی ٹی آئی میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں۔
آزاد حیثیت میں پنجاب اسمبلی کے الیکشن جیتنے والے4 اراکین نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں میں کبیروالہ کے حسین جہان گردیزی، ڈیرہ غازی خان کے حمید پتافی اورلیہ سے سید رفاقت حسین اوربشارت حسین رندھاوا شامل ہیں۔
تحریک انصاف میں شامل ہونے والے رہنماوں کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی جانب سے پیسوں اور وزارت کی پیش کش کی گئی لیکن ہمارا خیال ہے کہ جو عوام کے لئے بہتر ہے ہمیں وہ کرنا چاہیئے۔
پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے آزاد رکن بشارت رندھاوا کا کہنا تھا کہ مجھے ن لیگ نے ٹکٹ کی آفر بھی کی لیکن ہم کرپشن کے خلاف جنگ لڑرہے تھے، ہم عمران خان کے سپاہی تھے اورہیں کوئی بکاو مال نہیں۔
اس سے پہلے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت وفاق کے ساتھ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی۔ قومی اسمبلی کے 8 جبکہ پنجاب اسمبلی کے 5 آزاد ارکان تحریک انصاف کا ساتھ دینے پرآمادہ ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 123 جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 127 ہے، اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے 7 اورپیپلزپارٹی کے 6 ارکان ہیں ۔
اس کے علاوہ 29 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں ۔