انتخابات 2018 میں شکست کھانے والے شوبز ستارے

اسلام آباد: ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں بڑے بڑے سیاسی برج الٹ گئے وہیں شوبز کی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے انتخابات لڑنے والے اداکار اور گلوکاروں کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ماڈل عباس جعفری نے الیکشن میں فتح پائی۔
پاکستان کی فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ماڈل عباس جعفری صوبائی حلقہ پی ایس 125 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ سےالیکشن میں کھڑے ہوئے تھے۔
وہیں پنجاب کے شہر نارووال سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 78 سے تحریک انصاف کی ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والے گلوکار ابرار الحق نے شکست کھائی۔ ابرار الحق نے مسلسل دوسری بار اسی حلقے سے ہارے ہیں۔
معروف گلوکار جواد احمد نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے این اے 246 اور پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے حلقوں این اے 131 اور این اے 132 سے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ جواد احمد نے اپنی سیاسی جماعت برابری پارٹی پاکستان بناکر انتخابات میں حصہ لیا۔ تاہم وہ تینوں حلقوں سے ہار گئے۔
کراچی سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 101 سے پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخاب لڑنے والے ایوب کھوسو کو بھی شکست دیکھنا پڑی۔ ایوب کھوسو نے 5 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے۔ اس حلقے سے بھی تحریک انصاف کے امیدوار فردوس شمیم 28 ہزار ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
اداکارہ گل رعنا کراچی سے صوبائی حلقے پی ایس 94 سے پیپلز پارٹی کی نشست پر الیکشن لڑرہی تھی تاہم انہیں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گل رعنا نے صرف 2458 ووٹ حاصل کئے تھے۔
معروف اداکار ساجد حسین نے بھی پیپلز پارٹی کی نشست سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 256 سے انتخابات میں حصہ لیا، تاہم وہ بھی جیت نہ پائے۔ ساجد حسین نے بھی تحریک انصاف کے امیدوار سے شکست کھائی۔ اس حلقے سے نجیب ہارون 89 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔