اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں 23 آزاد اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔
ذرائع مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ن لیگ کی 129 سیٹوں کیساتھ 23 آزاد امیدواروں نے بھی حمایت کا اعلان کیا ہے اورن لیگ کو مجموعی طورپر150 سے زائد اراکین پنجاب اسمبلی کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔
ذرائع مسلم لیگ (ن) کے مطابق اٹھارہویں ترمیم کے بعد فارورڈ بلاک بننے کی گنجائش نہیں اورفارورڈ بلاک بنانے والے ڈی سیٹ ہوجائیں گے، اس لئے پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے ن لیگ کی پوزیشن مستحکم ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی پنجاب سمیت ملک بھرسے کامیاب ہونے والی تمام جماعتوں کی نشستوں کا حتمی اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 295 نشستوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) 129 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے اوراس کی سیاسی حریف جماعت تحریک انصاف 123 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
آزاد امیدوار28 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کی 7 ، پاکستان پیپلزپارٹی 6، بلوچستان عوامی پارٹی اورپاکستان عوامی راج ایک ، ایک سیٹ جیت سکی ہیں۔