اسلام آباد: رہنما پی ٹی آئی نعیم الحق نے کہاکہ تحریک انصاف پاکستان کے تحفظ اور ترقی کے لئے پوری طرح تیار ہے، عمران خان 14 اگست سے پہلے ہی وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ مرکز میں ہماری جماعت سب سے بڑی پارٹی بن چکی ہے، مرکز میں ہم حکومت بنانے جارہے ہیںجبکہ پنجاب حکومت کے حوالے سے رابطے مکمل ہوچکے ہیں اور آئندہ ایک سے دو روز میں قوم کو خوش خبری دیں گے۔
نعیم الحق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا کردار جمہوریت اور آئین کے لئے مفید نہیں، ان کی تخریب کاری نئی بات نہیں، وہ بری طرح شکست کھا چکے ہیں لیکن اب بھی منفی سوچ کا مظاہرہ کررہے ہیں، انہیں احساس ہونا چاہیے کہ پاکستان کے عوام کیا چاہتے ہیں۔
نعیم الحق نے مزید کہاکہ شاہ محمود اورجہانگیر ترین کےدرمیان اختلافات سے متعلق ضرورت سے زیادہ افواہیں پھیلائی جارہی ہیںتمام رہنما عمران خان کے ساتھ مشاورتی عمل میں شامل ہیں، پی ٹی آئی میں اختلافات کی غلط خبریں میڈیا پر نہ پھیلائی جائیں۔