قومی وصوبائی اسمبلی کے 8حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج ہوگی

عام انتخابات 2018 کے متعدد حلقوں کے نتائج پر امیدواروں نے اعتراضات دائر کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کی درخواست کی ہے جس کے بعدآج قومی وصوبائی اسمبلی کے8 حلقوں پر دوبارہ گنتی ہو گی۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور سمیت کئی حلقوں پر امیدواروں کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستوں پر آج عملدرآمد ہوگا۔این اے 129 لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج دوسرے روز بھی جاری رہے گی۔
حلقے سے ن لیگ کے سردار ایاز صادق کامیاب قرار پائے تھے تاہم پی ٹی آئی امیدوار علیم خان نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست کی تھی۔
اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد پر بھی گنتی کچھ دیر میں شروع ہوگی، یہاں (ن) لیگ کے امیدوار عابد شیر علی کے مقابلے میں تحریک انصاف کے فرخ حبیب کامیاب قرار پائے تھے۔
ملتان کے حلقوں این اے 154 اور157، جھنگ میں این اے 114 میں مزید پانچ پولنگ اسٹیشنز اور این اے 22 مردان کے 131 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے گی۔
گوجرانوالہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 52 اور پی پی 54 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے، پی پی 52 پر ن لیگ کے عادل چٹھہ تحریک انصاف کے امیدوار احمد چھٹہ کے مقابلے میں ایک ہزار 113 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے تھے۔
پی پی 54 گوجرانولہ میں ن لیگ کے عمران خالد بٹ تحریک انصاف کے رضوان اسلم بٹ کے مقابلے میں ایک ہزار 457 ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پائے تھے تاہم ہارنے والے امیدوار نے دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔