اسلام آباد: افغان صدر اشرف غنی نے ٹیلی فون کر کے عمران خان کو الیکشن میں کامیا بی پر مبارک باد دی اور دورہ کابل کی دعوت دی جو عمران خان نے قبول کرلی ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں نعیم الحق نے کہا کہ افغان صدراشرف غنی نے کہاکہ پاک اور افغانستان کے تاریخی تعلقات ہیں،یہ ممالک ہمسائیگی ،بھائی چارے اور دوستی کے دیرینہ رشتے میں منسلک ہیں۔نعیم الحق نے افغان صدر کی جانب سے عمران خان کو افغانستان کے دورے کی دعوت کا بتاتےہوئے کہاکہ افغان صدر نے عمران خان کو افغانستان دورے کی دعوت دی ہے جو پی ٹی آئی چیئرمین نے قبول کرلی ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اشرف غنی نے کہا کہ عمران خان افغانستان میں بہت مقبول اور نوجوانوں کے ہیرو ہیں،انہیں کی مقبولیت کی وجہ سے ہمارے یہاں کرکٹ کو فروغ ملا ہے ۔
نعیم الحق نے کہاکہ عمران خان نے افغان صدر کی مبارک باد اور نیک تمنائوں کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا ،پی ٹی آئی چیئرمین نے اشرف غنی سے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل امن اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور تحریک انصاف کی نگاہ میں پاک افغان تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔